ڈانڈیلی:24/ اکتوبر (ایس اؤنیوز)شہر کے بامبے چال میں موجود وقف بورڈ ککمیٹی کی انجمن اہل ِ سنت کی انتظامیہ دفتر کا قفل اسسٹنٹ کمشنر کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے مقامی تحصیلدار ودیا در گلگولی کی موجودگی میں کھولا گیا اورآئندہ وقف بورڈ کے انتخابات ہونے تک انجمن دفتر کی ذمہ داری محمد قیوم خان کو بطور صدر سونپی گئی ۔
گذشتہ انجمن کمیٹی کی میعاد 2011میں ختم ہوگئی تھی۔ اس کے بعد وقف بورڈ کے انتخابات منعقد نہیں ہوئے۔ 2013میں موظف افسر جبار شیخ کو انجمن کمیٹی کے انتظامیہ افسر کے طورپر نامزد کیاگیا تھا۔ لیکن اکتوبر 2015میں پچھلی انجمن کمیٹی دباؤ بنا کر موظف سرکاری افسر اے ایم خان کو وقف بورڈ کی طرف سے انتظامیہ افسر کے طورپر نامز د کرایاگیا۔لیکن ان کی میعاداکتوبر2016کو ختم ہوئی تو وقف بورڈ اگلے انتخابات تک 15افراد پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے محمد قیوم خان کو صدر بنایا تھا۔
بطور صدر نامزد ہوئے محمد قیوم خان کو انتظامیہ افسر اے ایم خان نے چارج نہ دیتے ہوئے اور دفتر کو لگائے قفل کی چابی دئیے بغیر ہراساں کر رہے تھے۔ ا س سلسلے میں کئی مرتبہ تحریری طورپر اپیل کئے جانےکے باوجود جواب نہیں دئیے جانے کی وجہ سے کاروار کے اسسٹنٹ کمشنر سے شکایت کی گئی تھی۔ شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے اے سی نے 16اکتوبر کو دفتر کا قفل توڑکر جانچ کرنے کے بعد وقف بورڈ کےمنتخب کردہ صدر محمد قیوم خان کو چارج دینے کا حکم جاری کیا تھا۔ اسی کی تعمیل کرتے ہوئے مقامی تحصیلدارودیا در اپنے عملے کےساتھ انجمن دفتر پہنچ کر دفتر کاقفل توڑا اور محمد قیوم خان کو دفترکی ذمہ داری سونپی۔ اس موقع پر محمد قیوم خان، نورالاسلام ٹرسٹ کے صدر محمد اقبال شیخ، داد ا پیر ندی ملا، عرفان خان لوہانی ، شوکت علی ، نثاراحمد ملا، مولا علی ملا، بابو لال پیرزادے موجود تھے۔